قرآنِ کریم کی تلاوت انتہائی ادب کے ساتھ کرنی چاہیے، علماء نے اس کی تلاوت کے آداب بیان فرمائے ہیں۔
تلاوت کرنے والا مسواک اور وضو کرنے کے بعد کسی جگہ یک سوئی کے ساتھ نہایت ادب، سکون و تواضع کے ساتھ قِبلہ رُخ بیٹھے، چارزانو ہو کر اور ٹیک لگا کر نہ بیٹھے، قرآن کی عظمت دل میں رکھے اور یہ تصور کرے کہ یہ اس ذات کا کلام ہے جو تمام بادشاہوں کا بادشاہ ہے، پھر نہایت خشو ع و خضوع کے ساتھ تلاوت کر ے۔
قرآنِ مجید کو اِسکی فصیح زبان میں قواعدِ تجوید کا خیال رکھتے ہوئے پڑھنا ضروری ہے، بے قاعدہ پڑھنے والا گناہ گار ہوگا۔
تلاوت کرنے والا صاف تلفظ میں ٹھہر ٹھہر کر تلاوت کرے، خواہ ترتیل سے (خوب ٹھہر ٹھہر کے) پڑھے یا حدر کے ساتھ (قدرے روانی سے پڑھے)۔
(قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے"اور قرآن کو خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھو"(المزمل)۔)
لہجے وغیرہ کے حوالے قرآنِ مجید کی تلاوت کا خاص طریقہ یا طرز نہیں ہے۔
حدیثوں میں ترنم وفنِ نغمات کے تکلفات سے اجتناب کرتے ہوئے اہلِ عرب کے (بے تکلف) طرز پر قرآنِ کریم پڑھنے کی ترغیب ہے، اب اختیار ہے کہ عرب کے علماء کا لہجہ اختیار کیا جائے یا مصری لہجے میں تلاوت کی جائے۔
البتہ بتکلف نقل کرنے، اور فنِ نغمات کی باریکیوں اور دکھلاوے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
قرآن کا حق ہے کہ اِسکو سمجھ کر پڑھا جائے، سو اگر قرآن پڑھنے والا معنی سمجھتا ہے تو تدبرو تفکر کے ساتھ آیاتِ رحمت و مغفرت پر رحمت اور مغفرت کی دعا مانگے اور عذاب اور وعیدوں کی آیات پر ﷲ کے عذاب سے پناہ مانگے۔
فتوی نمبر : 144106200022
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
قرآن سمجھنا اسلئے لازمی ہے کہ خود قرآن میں الله نے فرمایا ہے کہ...
"یہ ایک بڑی برکت والی کتاب ہے جو (اے محمدؐ) ہم نے تمہاری طرف نازل کی ہے تاکہ یہ لوگ اس کی آیات پر غور کریں اور عقل و فکر رکھنے والے اس سے سبق لیں"۔
(سورہ ص29)
" یہ مثالیں ہم لوگوں کے سامنے اس لئے بیان کرتے ہیں کہ وہ (اپنی حالت) پر غور کریں "۔
(الحشر21)
"سچے اہل ایمان تو وہ لوگ ہیں جن کے دل الله کا ذکر (قران) سن کر لرز جاتے ہیں - اور جب الله کی آیات ان کے سامنے پڑھی جاتی ہیں تو ان کا ایمان بڑھ جاتا ہے اور وہ اپنے رب پر توکل و بھروسہ کرتے ہیں"۔
( الانفال30)
ذرا چند ساعت اِس بات پر غور فرمائیں کہ کیا ہم سچے مسلمان کی اِس تعریف پر پورے اترتے ہیں جو اوپر کی آیت میں بتائی گئی ہے؟؟؟
قرآن کی تلاوت کے دوران کبھی ہم میں یہ کیفیت پیدا ہوئی ہے جو اوپر بیان کی گئی ہے ؟؟؟
Commentaires