رسول اللہ ﷺ نے اِرشاد فرمایا...
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمانا ہے کہ میرے لیے آپس میں مُحبت کرنے والوں، ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھنے والوں، اور ایک دوسرے کو جا کر ملنے والوں، اور (ایک دوسرے کی خیر کے لیے) اپنی قوتیں صرف کرنے والوں کے لیے میری مُحبت واجب ہوگئی۔
(مؤطا مالک1748، مُسند أحمد22680)
ایک جگہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا...
بے شک قیامت والے دِن اللہ کہے گا کہ میرے جلال کی وجہ (ایک دوسرے سے) مُحبت کرنے والے (اِیمان والے)کہاں ہیں ؟ آج اِس دِن جب کہ میرے (عرش کے)سائے کے علاوہ کوئی اور سایہ نہیں ، میں اِنہیں اپنے (عرش)کے سایے میں جگہ دوں گا۔
(صحیح مُسلم6713)
ایسے ہی ایک اور جگہ رسول اللہ ﷺ نے اِرشاد فرمایا...
’’بے شک اللہ کے بندوں میں کچھ ایسے لوگ بھی ہوں گے،جو انبیاء میں سے نہیں اور نہ ہی شہیدوں میں سے ہوں گےلیکن قیامت والے دِن اللہ کے پاس اُن کی رتبے کی انبیاء اور شہید بھی تعریف کریں گے‘‘۔
صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین نے عرض کیا،،
اے اللہ کے رسول ہمیں بتایے کہ وہ لوگ کون ہیں؟
اِرشاد فرمایا ’’ وہ (صِرف) اللہ کی خاطر مُحبت کرنے والے لوگ ہوں گے، (کیونکہ) اُنکے درمیان نہ تو (اِیمان کے عِلاوہ) کوئی رشتہ داری ہوگی اور نہ ہی کوئی مال لینے دینے کا معاملہ، پس اللہ کی قَسم اُن کے چہرے روشنی ہی روشنی ہوں گے اور وه نور کے منبروں پر ہوں گے، جب (قیامت والے دِن) لوگ ڈر رہے ہوں گے اور غم زدہ ہوں گے تو وہ نہیں ڈریں گے، اور نہ ہی غم زدہ ہوں گے‘‘۔
(پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے یہ آیت مبارکہ تلاوت فرمائی...)
بے شک اللہ کے ولیوں (دوستوں) پر نہ کوئی ڈر ہو گا اور نہ ہی وہ غم زدہ ہوں گے۔
(سُنن ابو داؤد3529)
حدیث سے واضح ہوا کہ صِرف توحید و سنت کی وجہ سے اللہ کی رضامندی کے حاصل کرنے کے لیے آپس میں ایک ہو جانے والے اور آپس میں میل ملاپ، محبت، دوستی اور بھائی چارہ رکھنے والے یہ الله کے بندے اُن ولیوں میں شمار ہوتے ہیں جواللہ کے ہاں ایسے بلند رتبے پائیں گے کہ جنہیں دیکھ کر انبیاء اور شہدا ءبھی رشک کریں گے۔اِنکے لیے قیامت کے دن اللہ تعالیٰ نورانی منبر بچھا دے گا جن پر وہ عزت سے تشریف رکھیں گے۔ لوگ پریشان ہوں گے لیکن یہ باِطمینان ہوں گے۔
یہ ہیں وہ اللہ کے اولیا جن پر کوئی خوف غم نہیں۔
Comments